لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول

 لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول، زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شہادتوں کی جانچ پڑتال، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری ہے۔ اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں جاری ہے۔لاہور کی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس قبل از نماز مغرب ایوان اوقاف میں شروع ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران سمیت محکمہ موسمیات کے افسران نے شرکت کی۔ بتایا گیا ہے کہ زونل رویت ہلال کمیٹی کو لاہور میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

کمیٹی اراکین کی جانب سے شہادتوں کو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا رمضان المبارک کے چاند کے متعلق کہنا ہے کہ آج شام چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ صیام کا چاند گزشتہ صبح سات بج کر 32 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے یوں آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہو گی۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج شام ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، آج کی شام غروب آفتاب اور غروب قمر کا فرق 71گھنٹے ہوگا، اس لیے چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔محکمہ موسمیات کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر عالم زیب خان کا کہنا ہے کہ پشاور کے جنوبی اضلاع میں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔عالم زیب خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں آج شام کو مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 بج کر 45 منٹ پر چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ماہر فلکیات نے بھی کہا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں پہلا روزہ 14 اپریل اور عیدالفطر 14 مئی کو ہوگی۔ ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان میں 30 روزے ہوں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں